کراچی : پاکستان کی ہوائی صنعت (ایوی ایشن سیکٹر) میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں دو نئی ایئرلائنز جلد اپنے آپریشنز کا آغاز کرنے جا رہی ہیں۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے اس حوالے سے تمام تر ضروری تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔نئی ایئر لائنز میں ایک مسافربرداری اور ایک کارگو آپریشن کرے گی۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کراچی ایئر نامی نئی ایئرلائن نے طیارے لیز پر دینے کے منصوبوں کو حتمی شکل دی ہے اور توقع ہے کہ رواں سال مئی یا جون میں آپریشن شروع کیا جائے گا۔کراچی ایئر لاہور، اسلام آباد، کراچی، سکھر، ملتان، کوئٹہ اور پشاور کو ملانے والے اندرون ملک روٹس کے ساتھ آپریشن شروع کرے گی۔ ایک سال کے آپریشنز کے بعد، ایئر لائن کے بین الاقوامی روٹس میں توسیع کی توقع ہے۔
لاجسٹک کمپنی ٹی سی ایس بوئنگ 747-400 سیریز کے ہوائی جہازکو کارگو آپریشن کے لیے استعمال کرے گی۔دریں اثنا، K2 ایئر لائن، جو پہلے سے کارگو سروسز چلا رہی ہے، ایک اور بوئنگ 747-400 سیریز کے طیارے حاصل کر کے اپنے بیڑے کو بڑھا رہی ہے۔
اس پیش رفت کے ساتھ، پاکستان کے اندر اور پاکستان سے باہر بین الاقوامی راستوں پر فضائی کارگومیں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سے روزانہ 90 ہزار سے1لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں۔ فی الحال، مسافر فلائی جناح، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) اور متعدد غیر ملکی ایئرلائنز پر انحصار کرتے ہیں، جن میں متحدہ عرب امارات، قطر، سعودی عرب، ملائیشیا اور دیگر ممالک کے کیریئر شامل ہیں۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا کہ نئی ایئرلائنز کے آغاز میں معاونت کے لیے تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos