کراچی کے قریب ایم 9 موٹروے پر خوفناک ٹریفک حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی، جن میں سے 12 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔
پولیس کے مطابق حادثہ کاٹھور کے قریب انصاری پل کے قریب اُس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار مسافر بس رانگ وے سے سڑک پر آ گئی اور مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں کئی دیگر گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں اور انہیں شدید نقصان پہنچا۔ ابتدائی طور پر حادثے میں 13 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں شامل ایک بچہ دوران علاج دم توڑ گیا، جس کی شناخت 3 سال کے عمران کے نام سے ہوئی، جس کے بعد حادثے میں ہلاک شدگان کی تعداد 14 ہوگئی۔ اس وقت 5 زخمی افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثے میں ہلاک شدگان میں 12 افراد ایک ہی خاندان کے ہیں اور قانونی کارروائی کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کر دی جائیں گی۔
لواحقین کے مطابق جاں بحق افراد کوٹری سے کراچی کے شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے، اور حادثہ واپسی کے دوران پیش آیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ رانگ سائڈ جانے والی تیز رفتار بس کے آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے سبب پیش آیا، جس پر آئی جی موٹرویز نے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos