پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے واضح کیا ہے کہ وہ عمران خان کی صحت کو سیاسی ہتھکنڈوں کا حصہ نہیں بننے دیں گے۔
سہیل آفریدی نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کی صحت ان کے لیے سیاست سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے کہا، "نہ میں خود عمران خان کی صحت پر سیاست کروں گا اور نہ کسی اور کو کرنے دوں گا۔”
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پوری قوم میں عمران خان کے لیے محبت اور حمایت ہے، اور موجودہ صورتحال میں غم و غصے کے جذبات کو کمزوری نہیں بلکہ طاقت کے طور پر استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل اور نازک حالات میں اعصاب مضبوط رکھ کر حکمت کے ساتھ اقدامات کرنا ضروری ہوتا ہے، اور ایسے وقت میں چھپی حکمت ہی سب سے بڑی طاقت ہوتی ہے۔
سہیل آفریدی نے اس بات پر زور دیا کہ عمران خان معمولی شخصیت نہیں ہیں، بلکہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور سب سے بڑی سیاسی جماعت کے تاحیات چیئرمین ہیں۔ ان کی صحت کے ساتھ مذاق کرنا ناقابل قبول ہے، اور ان کے علاج کو فوری ترجیح دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا، "کوئی یہ نہ سمجھے کہ میں عمران خان کے علاج میں آرام سے بیٹھوں گا۔”
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos