سی ٹی ڈی پنجاب کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 26 دہشت گرد گرفتار

پنجاب: سی ٹی ڈی پنجاب نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 26 دہشت گرد گرفتار کر لیے ہیں۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، ایک ماہ کے دوران مختلف شہروں میں کل 286 آپریشنز کیے گئے جن میں لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، خوشاب، میاںوالی، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، چکوال، راجن پور، نارووال، پاک پتن اور سرگودھا شامل ہیں۔

لاہور سے ایک دہشت گرد جبکہ سرگودھا سے فتنہ الخوارج کے 4 خطرناک دہشت گرد گرفتار ہوئے، جن کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، بم، ڈیٹونیٹر، حفاظتی فیوز، پمفلٹ، نقدی اور پرائم کارڈ برآمد ہوئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد مختلف شہروں میں کارروائی کرکے خوف و ہراس پھیلانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ ایک ماہ کے دوران 4662 کومبنگ آپریشنز کے دوران 538 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا اور 160,009 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

ترجمان نے کہا کہ سی ٹی ڈی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔