عمران خان کی منتقلی کیلئے اپوزیشن کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری

February 15, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ممکنہ اسپتال منتقلی کے معاملے پر اپوزیشن اتحاد کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس، پارلیمنٹ لاجز اور کے پی ہاؤس میں دھرنے دیے جا رہے ہیں جبکہ دارالحکومت کی اہم شاہراہ دستور ٹریفک کے لیے بند ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

تحریک تحفظ آئینِ پاکستان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو الشفا آئی اسپتال منتقل کیے جانے تک احتجاج جاری رہے گا۔ تنظیم کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا علاج ان کے ذاتی ڈاکٹروں کی موجودگی کے بغیر شروع نہ کیا جائے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے عمران خان کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔ بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ انہیں اسپتال منتقل کیا جائے یا نہیں۔

ادھر تحریک تحفظ آئینِ پاکستان نے اسلام آباد انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ دھرنے کے شرکا کی خوراک، پانی اور ادویات تک رسائی محدود کی جا رہی ہے۔ تنظیم کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ مظاہرین کی بنیادی سہولیات پر پابندی غیر انسانی اقدام ہے۔

قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ادویات تک رسائی میں رکاوٹ ڈالنے کے اقدام کو بھی تحریک نے قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق سیاسی اختلافات کو انسانی ہمدردی اور طبی ضروریات پر فوقیت دینا درست طرزِ عمل نہیں۔

تحریک کی قیادت کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مطالبات پر قائم ہے اور احتجاج آئین، قانون اور عوامی حقِ نمائندگی کے تحفظ کے لیے جاری رکھا جائے گا۔