بنگلا دیشی وزیراعظم کی حلف برداری،احسن اقبال نمائندگی کریں گے

February 16, 2026 · اہم خبریں

بنگلہ دیش کے نومنتخب وزیراعظم طارق رحمان کی حلف برداری کی تقریب 17 فروری کو منعقد ہوگی، جس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر احسن اقبال کریں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق شہباز شریف بیرونِ ملک مصروفیات کے باعث تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم جلد بنگلہ دیش کا دورہ کر کے طارق رحمان کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیں گے۔

تقریبِ حلف برداری میں چین، سعودی عرب، بھارت، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، قطر، ملائیشیا، برونائی، سری لنکا اور نیپال سمیت مختلف ممالک کے اعلیٰ سطحی نمائندگان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

سرکاری انتخابی نتائج کے مطابق 299 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے 209 نشستیں حاصل کر کے واضح اکثریت حاصل کی، جبکہ جماعت اسلامی 68 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی۔ طلبہ کی جماعت نیشنل سٹیزنز پارٹی نے 6 نشستیں حاصل کیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق نئی حکومت کے قیام سے بنگلہ دیش کی علاقائی اور سفارتی سرگرمیوں میں تیزی متوقع ہے۔