پیٹرول مہنگا ہوتے ہی مال برداری کرایوں میں3 فیصد اضافہ
February 16, 2026 · قومی
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے ملک بھر میں مال برداری کے کرایوں میں 3 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایندھن مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں براہِ راست اضافہ ہوتا ہے، جس کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو جاتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عوام اور ٹرانسپورٹ شعبے دونوں پر اضافی بوجھ ڈالتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹرز کو مالی دباؤ کا سامنا ہے۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق بڑھتے ہوئے اخراجات کے تناظر میں کرایوں میں 3 فیصد اضافہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، جبکہ آئندہ صورتحال کا جائزہ لے کر مزید فیصلے کیے جائیں گے۔