بھارت سے 4 ماہ میں چوتھی شکست، پاکستان کرکٹ سسٹم پر سوالات اٹھنے لگے
کراچی،پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف چار ماہ کے دوران چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس سے شائقین میں مایوسی اور سوالات پیدا ہو گئے ہیں کہ قومی کرکٹ سسٹم کب بہتر ہوگا۔
وائٹ بال فارمیٹ میں پاکستان نے حالیہ چار ماہ کے دوران بھارت کے خلاف 16 میں سے 13 میچ ہارے ہیں، جبکہ بھارت نے پاکستان کے خلاف مسلسل آٹھویں ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی حاصل کی۔ آخری بار پاکستان نے بھارت کو چار ستمبر 2022 کو دبئی میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں شکست دی تھی۔
اتوار کو کولمبو میں ہونے والے میچ میں پاکستان کے چار بولروں سلمان آغا، عثمان طارق، محمد نواز اور صائم ایوب نے 14 اوورز میں مجموعی طور پر 87 رنز دیے، جبکہ تین بولروں شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور شاداب خان نے چھ اوورز میں 86 رنز دیے، جس کی وجہ سے پاکستان میچ ہار گیا۔ کپتان نے مسلسل تیسرے میچ میں فہیم اشرف کو بولنگ نہیں دی۔
2017 میں اوول میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو شکست دینے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان وائٹ بال فارمیٹ میں 16 میچ ہوئے، جن میں سے بھارت نے 13 میں کامیابی حاصل کی، دو میں پاکستان نے فتح پائی اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان نو میچ ہوئے، جن میں سے بھارت نے آٹھ میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان کو صرف ایک میچ میں فتح ملی۔ مسلسل ناکامیوں کے باعث شائقین پاکستانی کرکٹ سسٹم پر سوالات اٹھانے لگے ہیں۔