جوڈیشل کمیشن کی سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افرادکے اہلخانہ سے ملاقات

February 16, 2026 · قومی

کراچی: جسٹس آغا فیصل کی سربراہی میں قائم سانحہ گل پلازہ جوڈیشل کمیشن نے سانحے میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان سے مکمل تعاون کی اپیل کی۔

ملاقات کے دوران جسٹس آغا فیصل نے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ کمیشن کا مقصد مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات اور جانی نقصانات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مالی نقصان کی تلافی ممکن ہے مگر جانی نقصان کا ازالہ ممکن نہیں۔

کمیشن نے متاثرہ اہل خانہ کے لیے سوالنامہ تیار کیا ہے، جسے موقع پر یا بعد میں ہائیکورٹ آ کر جمع کرایا جا سکتا ہے۔ تمام لواحقین کے بیانات قلمبند کرانے کے بعد جامع سفارشات تیار کی جائیں گی تاکہ آئندہ ایسے سانحات کی روک تھام ممکن ہو۔

جسٹس آغا فیصل نے کمیشن کی جانب سے عوام، حکومت اور متعلقہ اداروں سے معلومات طلب کرنے اور ریسکیو ورکرز تک رسائی کی خواہش کا بھی اعلان کیا۔