چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو لطیف کھوسہ کا خط
اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ کر بانی پی ٹی آئی کی طبی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی مکمل میڈیکل رپورٹس فراہم کی جائیں اور ان کے ذاتی معالجین ڈاکٹر فیصل اور ڈاکٹر عاصم کو طبی معائنے کی اجازت دی جائے۔ مزید کہا گیا ہے کہ بہتر علاج کی غرض سے انہیں الشفا اسپتال منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی گرتی ہوئی صحت اہلِ خانہ اور عوام کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیماری کے دوران بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی برتی گئی۔ عدالتی حکم پر طبی معائنہ تو کیا گیا لیکن اہلِ خانہ کو اس سے لاعلم رکھا گیا۔
خط میں اس دعوے کو بھی مسترد کیا گیا کہ اہلِ خانہ اور پارٹی قیادت کو معائنے کے وقت بلایا گیا تھا مگر وہ شریک نہیں ہوئے۔ وکیل کے مطابق اہلِ خانہ کو آگاہ کیے بغیر خفیہ طبی معائنہ کئی سوالات کو جنم دیتا ہے اور اس طرزِ عمل سے بے چینی اور شکوک میں اضافہ ہو رہا ہے۔
خط میں عدالتِ عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ معاملے کا نوٹس لے کر شفاف طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔