شانگلہ میں دوران آپریشن مقابلہ، پولیس کے 3 جوان شہید،3 دہشت گرد ہلاک

February 16, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

لوئر دیر: شانگلہ میں سرچ آپریشن کے دوران  فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید ہو گئے، جوابی کارروائی میں 3خوارج ہلاک ہو گئے۔

شانگلہ پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پورن کے نواحی علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا تو اس دوران کابل گرام کے علاقے میں فتنۃ الخوارج کے عناصر نے اچانک فائرنگ کر دی نتیجے میں شانگلہ پولیس کے بہادر اہلکار حوالدار مقبول احمد، اہلکار فدا حسین اور سعید الرحمان موقع پر ہی شہید ہو گئے۔

جس کے بعد پولیس ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے چند ساتھی پہاڑی علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت اور نیٹ ورک سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

بعد ازاں شانگلہ کے ہیڈ کوارٹر الپوری کی پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ شہداء کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں پولیس اور انتظامیہ کے افسران اور لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔