محسن نقوی کی سری لنکن صدر سے ملاقات، پاکستانیوں کیلئے ویزا پابندیاں ختم
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے پاکستانی شہریوں کو درپیش ویزا مسائل کا معاملہ اٹھایا، جس پر سری لنکن صدر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پاکستان کو ویزا پابندیوں سے متعلق فہرستوں سے خارج کیا جائے تاکہ پاکستانیوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
گفتگو میں انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ تربیت جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے پاک–سری لنکا تعلقات کے فروغ میں سری لنکن قیادت کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط کی ضرورت پر زور دیا۔
محسن نقوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے سری لنکن صدر کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی پہنچائی۔ اس موقع پر انہوں نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد اور پاکستانی وفد کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
صدر ڈسانائیکے نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کو نئی جہت دیں گے۔ انہوں نے کولمبو میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر پاکستانی قیادت کے جذبۂ خیرسگالی کو بھی سراہا۔