پشاور: رمضان کا چاند دیکھنے کیلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا
پشاور : ملک بھر میں نئے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس کل صوبائی دارالحکومت پشاور میں طلب کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اجلاس کل شام 4 بجے مرکزی عیدگاہ، اوقاف دفتر پشاور میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد کریں گے۔
مشاورتی اجلاس میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے ممبران کے ساتھ ساتھ وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام بھی شرکت کریں گے۔ سائنسی اور فنی معاونت کے لیے سپارکو (SUPARCO) اور محکمہ موسمیات کے افسران بھی اجلاس کا حصہ ہوں گے تاکہ چاند کی ممکنہ رویت اور موسم کی صورتحال پر بریفنگ دے سکیں۔
اجلاس کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے نئے چاند کی رویت سے متعلق شواہد اور شہادتیں وصول کی جائیں گی۔ کمیٹی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چاند کی رویت کی صورت میں اپنی شہادتیں بروقت فراہم کریں۔
رابطہ نمبر: شہری رویت سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے فون نمبر 9210203-091 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رویتِ ہلال کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے تمام تر خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ متعلقہ افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اجلاس میں بروقت شرکت کو یقینی بنائیں یا فون کے ذریعے کمیٹی کو مطلع کریں۔