علیمہ خان نے ہمیشہ عمران خان کے علاج سے منع کیا،محسن نقوی

February 17, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

لاہور: وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ علیمہ خان عمران خان کی بیماری کو کیش کرانا چاہتی تھیں، علیمہ خان ہمیشہ عمران خان کے علاج کے لیے منع کردیتی تھیں، انہوں نے اپنی پارٹی کے لوگوں سے کہا کہ اگر ہم مان گئے تو معاملہ ٹھنڈا پڑ جائے گا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بینائی کے معاملے پر پروپیگنڈا کیا گیا، ہم عمران خان کی صحت کے معاملے کو سیاست زدہ نہیں کرنا چاہتے، ہم اپوزیشن سے رابطے میں تھے، ہم نے انہیں یقین دلایا کہ عمران خان کو علاج کی ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے، ہم نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے آئی اسپیشلسٹ کا نام تجویز کرنے کا بھی کہا، ہمیں کہا گیا عمران خان کو ایک ہفتے کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کے معائنے کے لیے بہترین ڈاکٹرز کا انتخاب کیا، ان ڈاکٹروں نے پی ٹی آئی قیادت کو بریفنگ دی کہ عمران خان کا بہترین علاج کیا جارہا ہے، محمود خان اچکزئی کے خط لکھنے سے پہلے ہی ہم اپوزیشن سے رابطے میں تھے، ہم چاہتے تھے پی ٹی آئی قیادت کی موجودگی میں معائنہ ہو، بہترین سرکاری اور پرائیویٹ ڈاکٹرز نے عمران خان کا معائنہ کیا مگر سڑکوں کی بندش کرکے عوام کو تکلیف پہنچائی گئی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے عمران خان کے علاج سے متعلق بیرسٹر گوہر کو بھی آگاہ کیا، انہیں کہا کہ اڈیالہ جیل پہنچ جائیں مگر وہ نہیں آئے، ہم نے اپوزیشن کو کہا کہ آپ آجائیں اور اپنے ڈاکٹرز کو ساتھ لے آئیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ کچھ لوگ عمران خان کی صحت سے زیادہ اپنی سیاست کے بارے میں فکر مند ہیں، اس حوالے سے انتشار پھیلانے کی بھی کوشش کی گئی حالاں کہ میڈیکل رپورٹس بالکل درست ہے اور ڈاکٹروں نے بھی اطمینان کا اظہار کیا، علیمہ خان عمران خان کی بیماری کو کیش کرانا چاہتی تھیں، علیمہ خان ہمیشہ عمران خان کے علاج کے لیے منع کردیتی تھیں، انہوں نے اپنی پارٹی کے لوگوں سے کہا کہ اگر ہم مان گئے تو معاملہ ٹھنڈا پڑ جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ عمران خان کے علاج کے معاملے پر بھونڈی سیاست کی جارہی ہے، میڈیکل رپورٹ سب کے سامنے ہے، پروپیگنڈا بند  ہونا چاہیے، ہم اب بھی کہہ رہے ہیں اگر کوئی ٹیسٹ رہ گیا ہے تو بتائیں۔