عمران خان کی صحت کے حوالےسے پانچ مطالبات حکومت کے سامنے پیش

February 18, 2026 · قومی

اپوزیشن اتحاد نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے پانچ مطالبات حکومت کے سامنے پیش کر دیے ہیں۔

اس معاملے پر اپوزیشن کا دھرنا پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد اور خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں چھٹے روز میں داخل ہو گیا ہے۔ اس دوران پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن اتحاد کا اہم مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں آئندہ کی حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق مطالبہ کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تک ان کے ذاتی معالجین کو فوری رسائی دی جائے، مکمل طبی رپورٹس فراہم کی جائیں اور ان کی صحت کی مسلسل طبی نگرانی یقینی بنائی جائے۔ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ذاتی معالجین کو ملاقات کر کے آزادانہ طبی رائے دینے کا حق دیا جائے۔

اس کے علاوہ علاج میں تاخیر کی صورت میں ذمہ داروں کا تعین کرنے اور آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہونے دینے کی یقین دہانی کرانے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے۔