بانی پی ٹی آئی عمران خان کے تین مقدمات کی سماعت آج ہوگی
سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے تین مقدمات کی سماعت آج ہوگی۔
سماعت سے قبل جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے کہا کہ کمرہ عدالت میں گنجائش کم ہے اور آکسیجن کی کمی محسوس ہو رہی ہے، اس لیے مقدمات کمرہ عدالت نمبر دو میں سنے جائیں گے۔
جسٹس ہاشم خان کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سائیفر، توشہ خانہ اور ہتک عزت کیسز کی سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ میں محمود خان اچکزئی، علی محمد خان، سلمان اکرم راجہ، محمد سہیل آفریدی، گوہر علی، علی ظفر اور دیگر رہنما بھی پہنچ گئے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی عدالت میں موجود ہیں۔
عدالتی بینچ بشریٰ بی بی کی ضمانت کے خلاف پنجاب کی اپیل پر سماعت کرے گا، اور بانی تک ذاتی معالجین کی رسائی کی استدعا بھی زیر غور آئے گی۔ عدالت میں لطیف کھوسہ اور نور الحق قادری بھی پہنچ گئے۔
سماعت سے قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے عمران خان کی بہنوں سے اہم ملاقات کی جس میں عمران خان کی صحت، عدالتی معاملات اور دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔