پاکستان اور سعودیہ میں معاشی تزویراتی معاہدے کی تیاری۔ کب دستخط ہوں گے؟
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ مملکت پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید بڑھانے کی خاطر ایک بڑا تزویراتی معاشی معاہدہ کرنے جا رہی ہے۔ یہ معاہدہ حالیہ دفاعی معاہدے کے بعد دونوں برادر ملکوں کے تعلقات کی مضبوطی کے اظہار کی ایک اور علامت ہوگا۔سفیر کے بیان میں کہا گیا ہے پچھلے سال ستمبر میں ہونے والا غیر معمولی دفاعی معاہدہ دونوں اقوام کے درمیان تعلقات کی بہترین مثال ہے۔ اس کے مطابق ریاض اور اسلام آباد نے کسی بھی جارحیت کا مل کر مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی سفیر شاہ سلمان ریلیف پیکج کی تقریب کے دوران سائیڈ لائنزپرعرب میڈیاسے گفتگو کررہےتھے۔ انہوں نے کہا تین ماہ پہلے ہم نے دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے اور اب اللہ نے چاہا تو ہم ایک بڑے معاشی معاہدے کی طرف جا رہے ہیں جو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہوگا۔سفیرکاکہناتھاکہ اس پر جلدہی دستخط ہوں گے۔
سعودی سفیر کے مطابق ،دونوں ملکوں نے تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات میں تعاون کی ایک نئی جہت کو شامل کرنے پر اتفاق کیا ہے اور یہ اتفاق وزیر اعظم شہباز شریف کے اکتوبر میں ہونے والے سعودی دورے میں ہوا تھا۔ اس میں سیاحت، فوڈ سیکیورٹی، زراعت، توانائی اور معدنیات سے متعلق صنعتوں کے حوالے سے بھی دو طرفہ فریم ورک پر اتفاق کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستیں پہلے ہی بجلی سے متعلق منصوبوں کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر چکے ہیں۔
یادرہے کہ 2024 میں اسلام آباد اور ریاض نے مختلف شعبوں میں تقریباً2اعشاریہ 8ارب ڈالر مالیت کے 34 معاہدوں (MoUs) پر دستخط کیے تھے۔