سپریم کورٹ نے لطیف کھوسہ کی عمران خان سے ملاقات کی درخواست مسترد کر دی
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے وکیل اور ممبر قومی اسمبلی لطیف کھوسہ کی بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کرانے کی درخواست مسترد کر دی۔
توشہ خانہ کیس کی سماعت کے دوران لطیف کھوسہ نے عدالت سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت طلب کی، جس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ ایک فوجداری مقدمے میں ملاقات کا حکم دینا عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
جسٹس صلاح الدین پہنور نے کہا کہ کیس ابھی فکس ہی نہیں ہوا، اس پر حکم جاری نہیں کیا جا سکتا۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے لطیف کھوسہ کو ہدایت کی کہ سیاسی باتیں عدالت میں نہ کی جائیں، وہ پارلیمنٹ میں کریں۔
مزید برآں، جسٹس ہاشم کاکڑ نے لطیف کھوسہ کی گفتگو پر مسکراتے ہوئے کہا کہ ٹھیک ہے، آپ نے بات کر دی، اب اس کے وی لاگز اور ٹکرز بھی چلیں گے۔
سپریم کورٹ نے آخرکار لطیف کھوسہ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔