پاکستان میں فائیوجی اسپیکٹرم کی نیلامی 10مارچ کو کرنے کا اعلان
پاکستان میں فائیوجی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے تاریخ کا اعلان کردیاگیاہے۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی 10مارچ کو نیلام کرے گی اور فائیو جی سروس کی کمرشل لانچنگ رواں سال کے وسط میں ہو گی، چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی میں تین آپریٹرز حصہ لیں گے ، پچاس فیصد سے زائد اسپیکٹرم فروخت ہو گیا تو اسے کامیاب نیلامی تصور کیا جائے گا ۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ر حفیظ الرحمان نے پریس کانفرنس میں فائیوجی اسپیکٹرم کی نیلامی اور سروس کے اجرا کی ٹائم لائن جاری کی ۔ انہوں نے بتایا ہر ٹیلی کام آپریٹر کم از کم ایک سو میگاہرٹس اسپیکٹرم حاصل کرے گا ۔ جس سے ملک میں موبائل سروس کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی اور انٹرنیٹ کی رفتار کے مسائل حل ہو جائیں گے ۔ یہ نوید بھی سنائی کہ فائیو جی سروس کے اجرا کے فورا بعد سکس جی پر کام شروع کر دیا جائے گا ۔ کوشش ہوگی سکس جی کی نیلامی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو ۔
چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا صنعت کا مطالبہ تھا کہ نیلامی ڈالر میں نہ کی جائے ۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ نیلامی کے دن ڈالر کی قیمت منجمد کر دی جائے گی اور اسی شرح پر ادائیگیاں ہوں گی ۔ ڈی جی لائسنسنگ نے بتایا حکومت نے نیلام کیلئے پانچ سو ستانوے میگاہرٹس اسپیکٹرم مہیا کیا ہے۔ شرکت کرنے والی کمپنیوں کو ستائیس فروری تک درخواست کے ساتھ پندرہ ملین ڈالر جمع کروانا ہوں گے ۔ کلاک آکشن کئی رانڈز پر مشتمل ہوگا جس میں کمپنیاں آن لائن بھی حصہ لے سکیں گی ۔