کراچی:سولجر بازار میں گیس دھماکہ،چھت گرنے سے16 جاں بحق،14 زخمی

علاقے کی تنگ گلیوں کے باعث امدادی کام میں مشکلات پیش آ رہی ہیں تاہم متعلقہ ادارے ملبہ ہٹانے اور متاثرین کو نکالنے کے لیے مصروف عمل ہیں۔

               
February 19, 2026 · اہم خبریں, قومی, ویڈیوز
فوٹو محمد اسحاق

فوٹو محمد اسحاق

کراچی کے علاقے سولجر بازار میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے سے رہائشی عمارت گر گئی، جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق دو منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر گیس سلنڈر لیک ہونے کے باعث زور دار دھماکہ ہوا، جس کی شدت سے عمارت کا بڑا حصہ زمین بوس ہو گیا۔ حادثے میں ایک بچی سمیت 16 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی۔ تاہم تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملبے میں مزید ایک سے دو افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

ڈی سی ایسٹ نصراللہ عباسی کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک بچی اور تین خواتین بھی شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد میں دس سالہ نازیہ اور ساٹھ سالہ ریاض کی شناخت ہو چکی ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اطراف کی عمارتیں بھی لرز اٹھیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ مزید افراد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔