نواز شریف آئندہ ہفتے آزاد کشمیر کا دو روزہ دورہ کریں گے
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف آئندہ ہفتے آزاد کشمیر کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وہ 23 فروری کو مظفرآباد پہنچیں گے اور 24 فروری کو دورہ مکمل کرکے واپس روانہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔ دورے کے دوران آزاد کشمیر کی جماعتی قیادت اور کارکنان سے اہم ملاقاتیں کی جائیں گی، جن میں صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر اور پارلیمانی قائد راجہ فاروق حیدر خان سمیت دیگر رہنما شریک ہوں گے۔
ملاقاتوں میں موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور آئندہ عام انتخابات کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ انتخابی نشستوں کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں سے بھی مشاورت متوقع ہے۔
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے بھی اس دورے کی تصدیق کی ہے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف مظفرآباد میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی رہائش گاہ پر بھی جائیں گے۔
دورے کے دوران مسلم لیگ (ن) کی انتخابی تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے گی اور بعض حلقوں کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل طے شدہ دورہ مؤخر ہوگیا تھا، تاہم اب نئی تاریخوں کے مطابق پروگرام ترتیب دے دیا گیا ہے۔