اسلام آباد اور راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں سرگرم 2نائجیرین منشیات فروش گرفتار
اے این ایف نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں طلبہ کو کوکین اور آئس فراہم کرنے والے نائجیرین منشیات نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ترجمان کے مطابق 2025 میں نائجیرین منشیات نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس نیٹ ورک پر مسلسل کڑی نگرانی برقرار رکھتے ہوئے، اے این ایف نے ایک بار پھر ایک اور نائجیرین کی سرپرستی میں چلنے والی تنظیم کو ختم کیا ہے، جو کہ تعلیمی اداروں میں کوکین اور میتھ ایمفیٹامین (آئس) پھیلانے کی کوشش کر رہی تھی۔
مستند انٹیلی جنس پر کارروائی کرتے ہوئے اے این ایف نے ایک اہم ڈسٹری بیوٹر چارلس چوکا (نائجیرین باشندے) کی نشاندہی کی، جو اسلام آباد اور راولپنڈی میں طلبہ کو منشیات فراہم کر رہا تھا۔ مسلسل نگرانی کے بعد اسے اسلام آباد کی ایک نجی سوسائٹی سے گرفتار کیا گیا، جہاں سے 10 گرام کوکین بھی برآمد ہوئی۔بعد ازاں تحقیقات کے نتیجے میں نیٹ ورک کے سرغنہ جوزف چینیدو (نائجیرین شہری) کی بحریہ ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ پر فالو اپ چھاپہ مارا گیا، جہاں سے 26 کوکین کیپسول (600 گرام)، 90 کوکین ٹوکن (90 گرام) اور 160 گرام میتھ ایمفیٹامین برآمد ہوئی، یوں کوکین کی مجموعی برآمدگی 860 گرام رہی۔
تنظیم کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا گیا ، منشیات کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی ضبط کر لی گئی۔گرفتار ملزمان، برآمد شدہ منشیات اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے ،نیٹ ورک کے باقی ارکان کی گرفتاری کے لیے مزید کوششیں جاری ہیں۔