گنڈاپور کے خلاف کارروائی کی خبریں من گھڑت ہیں،بیرسٹر گوہر
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف کوئی کارروائی کا فیصلہ نہیں کیا گیا اور اس حوالے سے کی جانے والی باتیں من گھڑت ہیں۔
اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی اندرونی اختلافات برداشت نہیں کر سکتی اور علی امین گنڈاپور نے اپنی ویڈیو بیان میں معذرت کرتے ہوئے بڑے پن کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی ترجیح صرف بانی پی ٹی آئی، عمران خان کی رہائی ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ مقبولیت کے باوجود ہم عمران خان کو جیل سے نہیں نکال پا رہے، اور ان کی نیت صحیح نہیں یا استعمال ہو رہی ہے۔ بعد ازاں انہوں نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اگر میرے غصے سے کسی کا دل دکھا ہے تو میں معذرت خواہ ہوں، مگر میرا غصہ جائز ہے، اور ابھی تک چھوٹی سی جائز ڈیمانڈ بھی پوری نہیں کی جا سکی کہ عمران خان کو ان کا ذاتی معالج فراہم کیا جائے۔