کراچی:برنس روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن،شہری برہم
کراچی: برنس روڈ کے کاروباری علاقے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، جس پر رمضان المبارک کے آغاز پر شہری سخت نارض ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹارگٹڈ آپریشن میں مخصوص دکانیں اور تعمیرات منہدم کی جا رہی ہیں، جبکہ دیگر غیر قانونی عمارات کو چھوڑ دیا گیا ہے۔ گلی نمبر 1 میں نئی تعمیر شدہ پانچ منزلہ عمارت تجاوزات کے برابر موجود ہونے کے باوجود اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جس پر لوگ سوال اٹھا رہے ہیں۔
اسی طرح گلی نمبر 2 میں بیشتر غیر قانونی تعمیرات گرائی گئی ہیں، مگر پیپلز پارٹی کے رنگوں والی ایک غیر قانونی دکان ابھی بھی موجود ہے، جس پر شہری سیخ پا ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ منہدم کی گئی عمارات ایم سی سے لیز پر تھیں اور سالوں سے پراپرٹی ٹیکس ادا کر رہے تھے، لیکن انتظامیہ نے ان کی بات نہیں سنی۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے کہا کہ آپریشن جاری ہے اور مرحلہ وار تمام تجاوزات گرائی جائیں گی، کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا۔