اسلام آباد میں جعلی آن لائن نوکری اسکینڈل بے نقاب،مرکزی ملزم گرفتار

February 22, 2026 · جرم وسزا

اسلام آباد(وقاص چوہدری)وفاقی دارالحکومت میں جعلی آن لائن نوکریوں کا بڑے اسکینڈل بے نقاب، نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی نے اہم کارروائی کے دوران مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزمان سوشل میڈیا اور جعلی ویب سائٹس کے ذریعے شہریوں کو سرکاری اداروں میں ملازمت کا جھانسہ دے کر خطیر رقوم بٹور رہے تھے۔ایجنسی ذرائع کے مطابق ملزمان نے ایک جعلی ٹیسٹنگ ایجنسی کے نام پر اشتہارات جاری کیے اور سرکاری محکموں کے لوگو اور نام استعمال کر کے نوجوانوں کو درخواستیں جمع کرانے کی ترغیب دی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملک بھر سے کم از کم 10 ہزار 763 افراد سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے فیس، رجسٹریشن اور ٹیسٹ کے نام پر وصول کیے گئے۔کارروائی سب انسپکٹر بابر اور شہروز کی قیادت میں ٹیم نے اسلام آباد کے علاقے ٹھنڈا پانی میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر کی۔ چھاپے کے دوران ملزم سیف اللہ کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ موقع سے کمپیوٹرز، موبائل فونز، ڈیجیٹل ریکارڈ اور دیگر اہم شواہد تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل فرانزک تجزیے کے بعد مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔ایجنسی نے ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 43/2026 درج کر لیا ہے۔ تفتیشی افسران کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی شناخت کا عمل جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔