علیمہ خان کے بیان پر شاندانہ گلزار کا شدید ردعمل۔واٹس ایپ گروپ میں پھٹ پڑیں

February 22, 2026 · قومی

پشاور: پاکستان تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے حالیہ انٹرویو کے بعد پارٹی رہنما شاندانہ گلزار نے سخت ردعمل دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق علیمہ خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شاندانہ گلزار نے پارلیمانی پارٹی کے واٹس ایپ گروپ میں تنقیدی پیغام شیئر کیا۔ انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کچھ بیانات صدمے، بڑھاپے اور ذہنی دباؤ کا نتیجہ معلوم ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی کو 8 فروری کے اہم معاملات پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی تھی جبکہ اسی روز بعض سرگرمیوں کی ویڈیوز سامنے آئیں۔

ادھر پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور سے گزارش کی گئی ہے کہ موجودہ حالات میں اندرونی اختلافات پارٹی کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق علی امین گنڈاپور نے ویڈیو بیان میں معذرت کر کے بردباری کا مظاہرہ کیا ہے اور اس وقت پارٹی کی اولین ترجیح بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے۔