مری،بریک فیل ہونے کے باعث کار خوفناک حادثے کا شکار،3 جاںبحق

February 22, 2026 · قومی

مری: نواحی علاقے اوسیاہ ملکوٹ روڈ پر بریک فیل ہونے کے باعث کار خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں تین خواتین جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مقامی افراد کی گاڑی کے بریک اچانک فیل ہو گئے اور ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں تین خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ تین زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔