کراچی صوبے کی معاشی شہ رگ ہے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی صوبے کی معاشی شہ رگ ہے، ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جاری شدہ فنڈز کے استعمال کو بہتر بنایا جائے اور رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔
پیر کو کراچی کے ترقیاتی پورٹ فولیو برائے مالی سال 26-2025، مالیت 86.94 ارب روپے، کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی اور تمام عملدرآمد کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ مالی وسائل کے استعمال کو بہتر بنایا جائے اور ترجیحی اسکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے۔شہر میں جاری 285 ترقیاتی اسکیموں کی تفصیلی بریفنگ دی گئی جن کی مجموعی لاگت 86.94 ارب روپے ہے۔
مجموعی پورٹ فولیو کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ کراچی کے لیے 38.83 ارب روپے مختص کیے گئے، جن میں سے 22.36 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں اور موجودہ مالی سال کے دوران 13.15 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں جبکہ ان اسکیموں پر مجموعی اخراجات 33.94 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔