شمالی علاقوں میں گلیشئیرز اچانک پھٹنے کے شدید خدشے کا انتباہ
محکمہ موسمیات نے شمالی علاقوں کے لیے فروری تا اپریل موسمی پیش گوئی میں گلگت بلتستان میں گلیشیئر جھیل کے اچانک پھٹنے (گلوف) کے خطرے کی شدید خدشے کی وارننگ جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ مسلسل غیر معمولی درجہ حرارت ہے جو برف اور گلیشیئر کے پگھلنے کی رفتار کو تیز کررہا ہے۔
پی ایم ڈی کے مطابق گلگت، بُونجی، چلاس، ہنزہ، غذر اور استور جیسے علاقوں میں دن کے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 3 سے5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ اور رات کے کم سے کم درجہ حرارت ایک سے 3.5 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیے گئے
خاص طور پر گلگت اور بُونجی میں رات کے درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوا جس سے رات کے وقت برف دوبارہ جمنے کا عمل کم ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ گلیشیئر کے پگھلنے سے جھیلوں میں پانی کی مقدار بڑھ رہی ہے، جس کے نتیجے میں ندی نالوں اور پہاڑی وادیوں میں گلوف کے واقعات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
پی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ اگر درجہ حرارت میں اضافہ اسی طرح جاری رہا تو گلگت، غذر، ہنزہ، بُونجی، چلاس اور استور میں گلیشیئر پگھلنے اور گلوف کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔