کوہاٹ:لیڈی ڈاکٹر قتل کے خلاف ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری

February 24, 2026 · قومی

کوہاٹ میں لیڈی ڈاکٹر مہوش کے قتل کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری ہے۔ مظاہرے میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس، نرسز اور میڈیکل کالج کے طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہے، جبکہ ایمرجنسی سروس کے علاوہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی تمام سروسز بند ہیں۔

ذرائع کے مطابق کمشنر کوہاٹ معتصم باللہ نے احتجاجی ڈاکٹرز سے ملاقات کی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ قاتل کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نواز اور ڈی پی او شہباز الہٰی بھی موجود تھے۔ کمشنر نے ڈاکٹرز سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی۔

پولیس کے مطابق مقتول لیڈی ڈاکٹر مہوش کو مریضہ کے ساتھ آئے مرد تیمار دار نے نشانہ بنایا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ڈاکٹر مہوش نے مرد تیمار دار کو لیڈی وار چھوڑنے کی ہدایت کی تھی، لیکن ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد رات 8 بجے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر مہوش کو 8 گولیاں لگی ہیں۔ پولیس نے ملزمان کی شناخت کر لی ہے اور گرفتار کرنے کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر مہوش ملتان کی رہائشی تھیں اور 2007 میں کوہاٹ میں شادی ہوئی تھی۔ ان کے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہیں جبکہ ان کے شوہر پراپرٹی کے کاروبار سے منسلک ہیں۔