وزیرِ مملکت عبدالرحمن کانجو کی والدہ کا انتقال
وزیرِ مملکت برائے توانائی اور مسلم لیگ ن کے رہنما عبدالرحمن کانجو کی والدہ وفات پا گئیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مرحومہ کچھ عرصہ سے علیل تھیں اور اسلام آباد کے ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ ان کا انتقال لودھراں میں ہوا۔
نماز جنازہ لودھراں کی تحصیل کہروڑپکا میں واقع کمپلیکس اسٹیڈیم میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، وزیرِ مملکت برائے فوڈ اتھارٹی ملک رشید احمد خان، سابق گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ، رکن قومی اسمبلی صدیق خان بلوچ، رکن صوبائی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی، اہل خانہ، مقامی قیادت اور علاقہ کے دیگر افراد موجود تھے اور مرحومہ کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیرِ مملکت عبدالرحمن کانجو کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔