شیخ رشید کی عمرے کی درخواست مسترد
انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی عمرے کے لیے درخواست مسترد کر دی۔ جج امجد علی شاہ نے عدالت میں فیصلہ سنایا، جس کے مطابق شیخ رشید کا نام دوبارہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کر دیا گیا ہے۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف آئی اے نے شیخ رشید کا نام ای سی ایل میں ڈالا، کیونکہ سانحہ 9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیس کے تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کیے گئے ہیں۔
شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ یہ اقدام ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے، جس میں سابق وزیر داخلہ کو عمرے پر جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ وکیل نے مزید کہا کہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے دیگر مقدمات میں یہ اصول طے ہو چکا ہے کہ کسی مقدمے کی بنیاد پر نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا جا سکتا۔
میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ وہ اس اقدام پر حیران ہیں، کیونکہ ان کا نام پہلے ای سی ایل سے نکال دیا گیا تھا اور اب دوبارہ شامل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دوبارہ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر کے عمرے کے لیے اجازت حاصل کریں گے۔