کوہاٹ:دہشت گرد حملے میں ڈی ایس پی سمیت 5 پولیس اہلکار شہید.

دہشت گردوں نے پولیس موبائل کو بھی آگ لگا دی۔ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا

               
February 24, 2026 · اہم خبریں, قومی

کوہاٹ: کوہاٹ میں پولیس وین پر حملے میں ڈی ایس پی اسد محمود سمیت 5 اہلکار شہید اور دو زیر حراست ملزمان ہلاک ہوگئے۔

ڈی پی او کوہاٹ کے مطابق نواحی علاقے شکردرہ روڈ پر پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی لاچی سمیت 5 اہلکار شہید اور تین اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس ٹیم ایک زیرِ حراست ملزمان کو لیکر جا رہی تھی کہ نامعلوم مسلح افراد نے اچانک حملہ کردیا، پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ واقعے میں دو زیرِ حراست ملزمان بھی جان کی بازی ہار گئے۔

شہدا میں انسپکٹر انارگل خان، ایک گن مین، ریڈر اور ڈرائیور شامل ہیں۔ متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے حملے کے بعد پولیس موبائل کو بھی آگ لگا دی اور فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ کوہاٹ سے اضافی پولیس نفری بھی متاثرہ علاقے میں بھجوا دی گئی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کوہاٹ کے علاقے میں پولیس گاڑی پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی پر زور مذمت کی ہے۔