وزیراعظم شہباز شریف کی امیرِ قطر تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات

February 25, 2026 · قومی

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ریاستِ قطر کے امیرتمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی ہے۔

قطری اعلامیے کے مطابق یہ ملاقات لوسیل پیلس میں منعقد ہوئی جہاں امیرِ قطر نے وزیراعظم پاکستان کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک قطر دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

گفتگو کے دوران دفاع، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ موجودہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرتے ہوئے مشترکہ تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں۔

رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ دوطرفہ اور بین الاقوامی سطح پر تعمیری تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امیرِ قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جسے امیرِ قطر نے قبول کر لیا۔

قطری جانب سے اس ملاقات میں وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی، نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی، چیف آف امیری دیوان عبداللہ بن محمد الخلیفہ اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔

پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر سینئر حکام شامل تھے۔