غیر حاضراساتذہ کو پکڑنے کا نیا طریقہ۔موبائل ایپ بنے گی
پشاور: ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے صوبے بھر کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (مرد و خواتین) کو اسکولوں میں تعلیمی و غیر تدریسی عملے کی حاضری یقینی بنانے کے لیے موبائل ایپلیکیشن تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
مراسلے کے مطابق یہ اقدام سیکرٹری، ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کی روشنی میں کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عملے کی درست اور بروقت حاضری کو یقینی بنانا ہے۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ موبائل ایپ میں جدید فیچرز شامل کیے جائیں، جن میں لیو مینجمنٹ سسٹم، وزٹ مینجمنٹ ماڈیول، اور رپورٹنگ و اینالیٹکس ڈیش بورڈ شامل ہوں۔ ایپ کو جدید ٹیکنالوجی اسٹیک، کراس پلیٹ فارم سپورٹ، مؤثر یوزر انٹرفیس (UI) اور بہتر صارف تجربہ (UX) کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جائے۔
تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے موجودہ عملے یا آئی ٹی مہارت رکھنے والے اساتذہ کی مدد سے 30 دن کے اندر ایپ تیار کر کے جمع کرائیں۔
مکمل ہونے پر تمام ڈی ای او دفاتر کے درمیان مقابلہ منعقد کیا جائے گا اور بہترین قرار دی جانے والی ایپ کو انعام دیا جائے گا۔ کامیاب ایپلیکیشن کو بعد ازاں صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں سرکاری حاضری نظام کے طور پر نافذ کیا جائے گا۔
حکام نے مقررہ مدت میں ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی تاکید کی ہے۔