کراچی میں ڈرونز سرویلنس یونٹ کے قیام کا فیصلہ
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ایک اہم اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جاوید عالم اوڈھو سمیت متعلقہ اعلیٰ پولیس و سیکورٹی افسران نے شرکت کی۔
وزیر داخلہ سندھ نے اہم و حساس تنصیبات کا سیکورٹی آڈٹ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی کو درکار وسائل سے متعلق جامع سفارشات پیش کی جائیں۔ان سفارشات میں ڈرونز، جدید گاڑیاں، ایکسپلوزیو ڈیٹیکٹرز اور دیگر جدید آلات و ساز و سامان شامل کیے جائیں۔کراچی کے ممکنہ حساس علاقوں میں بوقت ضرورت ڈرون سرویلنس کے استعمال اور اس مقصد کے لیے علیحدہ ڈرون یونٹ کے قیام کی بھی ہدایت کی گئی۔
اجلاس کے دوران آئی جی سندھ نے موجودہ سیکورٹی حالات، ممکنہ خدشات اور جاری اقدامات کے حوالے سے وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکورٹی پلان پر مشتمل حکمت عملی اور انسدادی اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔