بے زبان پر ظلم کی انتہا ،زنجیروں میں جکڑا ریچھ برآمد
مظفر گڑھ: محکمہ وائلڈ لائف اور پولیس نے شاہ جمال کے علاقے میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی قید میں رکھا گیا کالا ریچھ بازیاب کرا لیا۔ کارروائی کے دوران ریچھ کو بیڑیوں سے آزاد کروا کر طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف عبدالرحمان نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ شاہ جمال کے ایک گھر میں کالے ریچھ کو انتہائی کسمپرسی کی حالت میں قید کر رکھا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی وائلڈ لائف رینجرز نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ علاقے کو گھیرے میں لے کر چھاپہ مارا۔
حکام کے مطابق جب ٹیم موقع پر پہنچی تو ریچھ بھاری زنجیروں سے جکڑا ہوا پایا گیا۔ معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ ریچھ کو لڑائی یا تماشے کے لیے استعمال کرنے کی غرض سے اس کے دانت اور ناخن نکال لیے گئے تھے، جس کے باعث جانور شدید تکلیف اور کمزوری کا شکار تھا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے ریچھ کو بحفاظت ڈیرہ غازی خان چڑیا گھر منتقل کر دیا ہے جہاں ماہر ڈاکٹرز اس کا معائنہ کریں گے۔ بے زبان جانور پر ایسا تشدد ناقابلِ برداشت ہے۔
پولیس نے ریچھ رکھنے والے شخص کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ اسے سخت سے سخت سزا دلائی جائے گی۔