وزیراعظم کی مانسہرہ آمد،شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کے اہلِ خانہ سے تعزیت

February 26, 2026 · اہم خبریں, قومی

شہباز شریف نے مانسہرہ میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران شہادت پانے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ وزیراعظم نے شہید کی والدہ، اہلیہ اور بچوں سے ملاقات کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے شہید کی قبر پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز نے وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے جرات اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

 

وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور پاک فوج شہید کے خاندان کی مکمل دیکھ بھال جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مانسہرہ میں شہید کے نام سے دانش اسکول قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

اس موقع پر عطاء اللہ تارڑ، انجینئر امیر مقام، سردار محمد یوسف، رانا ثناء اللہ، محمد صفدر اعوان، مرتضیٰ جاوید عباسی اور شاہ جی گل آفریدی بھی موجود تھے۔