کانسٹیبل سفیر خان ننھے بیٹے سمیت سپرد خاک
خیبر:خیبر پختونخوا پولیس کے جوان کانسٹیبل سفیر خان اور ان کے معصوم ننھے بیٹے کی نماز جنازہ ادا، سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا آبائی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔
خیبر کے علاقے سلطان خیل، تھانہ لنڈی کوتل کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل سفیر خان اور ان کے ننھے بیٹے کی نماز جنازہ گزشتہ رات پولیس لائن شاہ کس (خیبر) میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، نماز جنازہ میں ڈی پی او خیبر وقار احمد، ایس پی باڑہ سرکل، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، سرکل افسران، پاک آرمی کے افسران، قبائلی عمائدین، پولیس اہلکاروں، رشتہ داروں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے دونوں شہدا کو سلامی پیش کی جبکہ افسران نے جسدِ خاکی پر پھولوں کے گلدستے رکھے۔ شہداء کے بلند درجات اور پسماندگان کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ ننھے بچے کی دلخراش شہادت پر موقع پر موجود افراد آبدیدہ ہو گئے بعد ازاں آج دونوں باپ بیٹے کو ان کے آبائی گاؤں میں سپرد خاک کر دیا گیا جہاں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ڈی پی او خیبر وقار احمد نے شہید کانسٹیبل سفیر خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نڈر، ایماندار، خوش اخلاق اور فرض شناس اہلکار تھےجو ہمیشہ دیانتداری اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے رہے۔