بھارت کیخلاف آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کو 7 برس مکمل، فیلڈ مارشل کا مسلح افواج کو خراج تحسین

February 27, 2026 · اہم خبریں, قومی

بھارت کیخلاف پاکستان کے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 27 برس مکمل ہوگئے۔ آج ہی کے دن پاکستان نے بھارتی فوج کے طیارے مار گرائے تھے اور ونگ کمانڈر ابھینندن کو گرفتار کیا تھا آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 7 برس مکمل ہونے پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سروس چیفس نے آپریشن میں پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کے سات برس مکمل ہونے پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیف آف دی نیول اسٹاف نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے جوانوں کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

بیان کے مطابق 27 فروری 2019 کو شروع کیا گیا آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے جواب میں ایک فیصلہ کن کارروائی تھی، جس کے ذریعے پاکستان نے اپنی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔ آپریشن کے دوران مسلح افواج کی آپریشنل مہارت اور تیاری کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے مزید جارحیت کو مؤثر انداز میں روکا گیا اور خطے میں اسٹریٹجک توازن بحال ہوا۔

فیلڈ مارشل اور سروس چیفس نے قومی سلامتی اور علاقائی امن کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی فوج ملک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی استحکام اور امن کے فروغ میں بھی فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔