پاک افغان کشیدگی: پشاور میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، اینٹی ڈرون گنز بھی نصب
پشاور: پاک افغان سرحدی صورتحال کے پیشِ نظر صوبائی دارالحکومت پشاور میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ترجمان پشاور پولیس کے مطابق شہر بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے جہاں اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات ہے۔
شہر کی مضافاتی اور نواحی پولیس چوکیوں پر کسی بھی فضائی خطرے سے نمٹنے کے لیے اینٹی ڈرون گنز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔شہر میں داخل ہونے والے تمام راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ مشکوک افراد اور گاڑیوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
نمازِ جمعہ کے پیشِ نظر تمام حساس مقامات اور مساجد پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
اہم شاہراہوں پر بکتر بند گاڑیاں اور ایلیٹ فورس کے دستے ہمہ وقت گشت کر رہے ہیں، جبکہ تجارتی مراکز اور بازاروں میں بھی پولیس کی موجودگی بڑھا دی گئی ہے۔
پولیس ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ضلع بھر میں قیامِ امن کی خاطر سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ سنیپ چیکنگ اور ناکہ بندیوں کے دوران موٹر سائیکل سواروں اور گاڑیوں کی مؤثر تلاشی لی جا رہی ہے۔
پولیس کی جانب سے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھی بھرپور کوآرڈینیشن کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔