پاک افغان سرحد پر کشیدگی تشویشناک ہے، قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں ہو گا: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

February 27, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور کسی کو بھی ملکی سلامتی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنے ایک اہم بیان میں وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے سرحد پر ہونے والی کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی اور بیرونی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے سرحدی صورتحال کے حوالے سے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ کشیدگی کے تناظر میں تمام سیکیورٹی اور انتظامی اداروں سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبائی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ سرحدی اضلاع کے مکینوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے سرحدی علاقوں کے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی اور عوامی خدشات سے پوری طرح آگاہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔