سٹیلائیٹ تصاویر نے افغانستان میں بڑے پیمانے پر تباہی کی تصدیق کردی

February 27, 2026 · امت خاص, اہم خبریں

کابل: تازہ سیٹلائٹ تصاویر میں کابل، قندہار اور گردیز کے کئی مقامات پر پاکستانی فضائی حملوں کے نتیجے میں بڑا نقصان پہنچنے کی تصدیقہو گئی۔

پلینٹ لیبز سے موصول ہونے والی تازہ سیٹلائٹ فوٹیج کی بدولت افغانستان پر گذشتہ رات پاکستان کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

اگرچہ بی بی سی کو موصول ہونے والی سیٹلائٹ تصاویر کی ریزولیوشن نسبتاً کم ہے (یعنی کوالٹی کچھ بہت زیادہ اچھی نہیں ہے)، لیکن کابل میں دو مقامات اور قندھار اور گردیز میں کئی مقامات پر پہنچنے والے نقصان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

کابل میں ہونے والا نقصان پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری کی گئی فوٹیج سے مطابقت رکھتا ہے، جس میں شہر کے مشرقی علاقے میں تقریباً 400 میٹر کے فاصلے پر واقع دو عمارتوں پر حملے ہوتے دکھائے گئے ہیں۔

اس طرح افغانستان کے جنوب مشرقی شہر گردیز میں ایک فوجی اڈے میں واقع چار عمارتوں پر (آگ سے) جھلسنے کے نشانات اور نقصانات دیکھے جا سکتے ہیں۔

ناسا سے موصول ہونے والے ڈیٹا میں بھی اس مقام پر رات کے وقت ہیٹ سگنیچر ریکارڈ کیا گیا، جو اس مقام پر بڑے پیمانے پر آگ لگنے کے امکان کو ظاہر کرتا ہے۔

سیٹلائیٹ تصاویر کے مطابق قندھار، جو طالبان کا ایک تاریخی گڑھ ہے، میں واقع ایئرپورٹ سے 4.5 کلومیٹر جنوب مشرق میں دو مقامات کو پہنچا نقصان دیکھا جا سکتا ہے۔

بی بی سی ویریفائی ماہرین کے ساتھ مل کر یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہاں جن دو مقامات پر حملہ ہوا ہے وہاں کیا کیا جا رہا تھا، یعنی اس مقام پر کون سی عمارتیں تھیں اور انھیں کس لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

بی بی سی ویریفائی نے ویڈیوز کی جگہ معلوم کی ہے جن میں افغانستان کے صوبے قندھار اور پکتیا میں حملے دکھائے گئے ہیں۔

پاکستانی حکومت کی جانب سے جاری فضائی فوٹیج میں احمد شاہ بابا انٹرنیشنل ایئرپورٹ (قندھار شہر کے قریب) کے پاس ایک گولہ بارود کے ڈپو پر بڑا دھماکہ دکھایا گیا ہے۔ ہم نے ویڈیو میں موجود ڈپو کی چار عمارتوں کو سیٹلائٹ تصاویر سے ملا کر اس جگہ کی تصدیق کی۔

ایک اور ویڈیو، جو سوشل میڈیا پر شیئر ہوئی ہے، میں پکتیا کے ارگون ضلع میں طالبان کے فوجی اڈے سے دھواں اٹھتا دکھائی دیتا ہے۔ ہم نے اس جگہ کی تصدیق سڑکوں اور سامنے موجود نمایاں عمارت کو سیٹلائٹ تصاویر سے ملا کر کی۔

پاکستانی فورسز نے گذشتہ رات کابل کے قریب ایک فوجی اڈے پر بھی حملہ کیا۔