ایران پرحملہ کتنے روز جاری رہ سکتاہے، کارروائی دن میں کیوں ہوئی؟

مشترکہ طور پر مہینوں تک منصوبہ بندی کی گئی۔اسرائیلی سیکیورٹی ذرائع

               
February 28, 2026 · امت خاص

 

اسرائیل اور امریکہ نے مشترکہ طورپر ایران کے خلاف حملہ کیا ہے۔ اس حملے میں میزائلوں کا استعمال کیا جارہاہے ۔ ایران میں دھماکے شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے، سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی فوٹیج میں مبینہ طور پر میزائلوں کو عراق کے اوپر سے نچلی پرواز کرتے ہوئے دیکھاگیا ۔

 

اسرائیلی میڈیاکی غیر مصدقہ رپورٹ کے مطابق اہداف میں سے ایک ایران کی صدارتی تنصیب (Presidential Facility) ہے۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان حملوں میں ان مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جہاں سے ایران اسرائیل پر حملہ کر سکتا ہے۔

 

نیم سرکاری ایرانی نیوز ایجنسی فارس (Fars) کی رپورٹ کے مطابق تہران کے شمال اور مشرق کے ساتھ ساتھ اصفہان، کرج اور کرمانشاہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لرستان اور تبریز میں بھی دھماکوں کی اطلاعات ملی ہیں۔

 

ایک نامعلوم سیکیورٹی ذریعےکے مطابق، اسرائیل اور امریکہ نے مشترکہ طور پر ایران کے خلاف مہینوں سے منصوبہ بندی کی جس کاابتدائی مرحلہ چار دن تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ حملے کے اوقات کو دن کی روشنی میں رکھنے کا مقصد ایرانیوں کو حیران کرنا تھا، کیونکہ انہیں دن کے وقت حملے کی توقع نہیں تھی۔

 

صدر ٹرمپ نے ایران کے جوہری عزائم کے خلاف طاقت کے استعمال کا عندیہ دیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ حالیہ امریکی مذاکرات کی پیش رفت سےخوش نہیںتھے، اور یہ کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں ہو سکتے اور نہ اسے یورینیم افزودہ کرنے کی صلاحیت رکھنی چاہیے۔انہوں نے کل کہا تھا کہ کبھی کبھی آپ کو (طاقت) استعمال کرنی پڑتی ہے۔