اسرائیل اورامریکا کے ایران پر حملہ،پاکستان فضائی حدود کی کڑی نگرانی

اسرائیل نے تہران کے مہرآباد ائیرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ اصفہان، قم، کرج، کرمان شاہ، لورستان اور تبریز میں بھی دھماکے ہوئے۔

               
February 28, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسرائیل اور امریکا کے ایران پر حملے کے بعد پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی کڑی نگرانی کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ائیرٹریفک کنٹرولرز کو ایران اور افغانستان کے ریجن کی نگرانی کے ساتھ ساتھ ملکی حدود کی مکمل حفاظت کی ہدایت دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی ائیرلائنز کو ایرانی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے تہران میں فضائی حملہ کیا جس کے بعد ہنگامی سائرن بجا دیے گئے۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے تصدیق کی کہ ایران پر حملہ امریکا کے ساتھ مل کر کیا گیا اور امریکی فضائیہ بھی اس کارروائی میں شامل رہی۔ تہران میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہنگامی بیان میں کہا کہ امریکی افواج نے ایران کے خلاف وسیع کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران خطے میں امریکی مفادات پر حملے کا ذمہ دار رہا ہے اور دہائیوں سے امریکی مخالف نعرے بلند کرتا رہا ہے۔

اسرائیلی دفاعی اہلکاروں کے مطابق حملوں کی منصوبہ بندی مہینوں پہلے سے جاری تھی اور تاریخ کا فیصلہ بھی ہفتوں پہلے کیا گیا۔ یہ پیشگی حملے ہیں جن کا مقصد ایران کی جانب سے فوری خطرے کو کم کرنا ہے۔ چار روز تک شدید اور مربوط حملے کیے جائیں گے جس کے بعد تہران کی صورتحال میں واضح تبدیلی متوقع ہے۔