ایران جنگ کے پہلے 6 دن ، ایران کے حملےجاری، تیل قیمتوں میں اضافہ

ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے کے بعد کی صورت حال کی تازہ ترین تفصیلات

               
February 28, 2026 · Live

ایران پر امریکی اور اسرائیلی بمباری کے بعد دھواں اٹھ رہا ہے

Monday, 2 March 2026 – 17:12 #
علی لاریجانی نے امریکہ سے مذاکرات مسترد کردیئے
تہران: ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران واشنگٹن سے کوئی بات چیت نہیں کرے گا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں علی لاریجانی نے کہا، ’ہم امریکا کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے۔‘ ان کا بیان امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد لاریجانی نے عمانی ثالثوں کے ذریعے امریکا سے جوہری مذاکرات بحال کرنے کی کوشش کی۔ علی… مزید پڑھیں
Monday, 2 March 2026 – 17:09 #
امریکہ نے 3 طیارے گرنے کی تصدیق کردی، کویتی دفاعی نظام پر الزام

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ اتوار کے روز کویت کے فضائی دفاعی نظام نے غلطی سے امریکا کے تین ایف 15 ای اسٹرائیک ایگل جنگی طیارے مار گرائے۔

سینٹکام کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ تینوں طیاروں میں سوار تمام چھ اہلکار بحفاظت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہے، انہیں بازیاب کرا لیا گیا ہے اور ان کی حالت مستحکم ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کویت نے اس واقعے کو تسلیم کر لیا ہے اور جاری آپریشن میں کویتی دفاعی افواج کی کوششوں اور تعاون پر امریکا نے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سینٹکام کے مطابق واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور جیسے ہی مزید معلومات دستیاب ہوں گی، انہیں عوام کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

اس سے پہلے کویتی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ متعدد امریکی طیارے تباہ ہوئے ہیں۔

Monday, 2 March 2026 – 15:54 #
اسرائیلی وزیر دفاع کا حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

تل ابیب: اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم اسرائیلی حملے کا نشانہ بنے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور میں نے اسرائیلی فوج کو حزب اللہ کے خلاف طاقت سے کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔‘

اسرائیلی دفاعی افواج کا کہنا ہے کہ اس نے بیروت میں حزب اللہ کے ایک رہنما کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بیروت اور شمالی سرحد پر تازہ جھڑپوں کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’لبنان میں زمینی کارروائی کے حوالے سے تمام آپشنز زیر غور ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ ’اسرائیل پر حملے کی بھاری قیمت ادا کرے گی‘ اور یہ کہ ’ہم تیار ہیں، پوری طرح تیار۔‘

ترجمان کے مطابق تقریباً ایک لاکھ ریزرو فوجی، درجنوں بٹالین، بریگیڈ اور ڈویژنز شمالی سرحد کے دفاع کے لیے متحرک کیے جا چکے ہیں اور فوج ہر ممکنہ صورتحال کے لیے تیار ہے۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ فوج مسلسل صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور ’تمام آپشنز میز پر موجود ہیں۔
فوج کا کہنا ہے کہ وہ جلد اس متعلق تفصیلات جاری کرے گی۔

اطلاعات کے مطابق آئی ڈی ایف نے بیروت سمیت لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔

Monday, 2 March 2026 – 14:58 #
ایران نے جواب کی تیاری کر رکھی تھی، اس کی نظر میں خلیجی ممالک پر حملوں کا جواز ہے، الجزیرہ پر تجزیہ

الجزیرہ پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی تجزیہ کار نے کہا ہے کہ ایران خطے میں امریکی موجودگی کو دفاعی نہیں بلکہ حملہ آور پلیٹ فارم سمجھتا ہے اور اس نے جوابی کارروائی امریکی مفادات تک محدود رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

ایران کی جانب سے کویت، بحریہ، قطر سمیت خطے کے ممالک میں حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایران کے سینئر ریسرچ فیلو عباس اصلانی نے کہا کہ ایران نے امریکا اور اسرائیل کے ممکنہ حملوں کا پہلے ہی اندازہ لگا لیا تھا، اسی لیے اس کے پاس پہلے سے تیار شدہ آپریشنل منصوبہ موجود تھا، جس کے باعث وہ فوری ردعمل دینے کی پوزیشن میں ہے۔

عباس اصلانی، جو سینٹر فار مڈل ایسٹ اسٹریٹجک اسٹڈیز سے وابستہ ہیں، کا کہنا تھا کہ ایران ہمسایہ ممالک میں امریکی موجودگی کو خودمختار مہمان کے طور پر نہیں بلکہ ایک مربوط حملہ آور پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتا ہے۔ ان کے مطابق ایران واضح کر چکا ہے کہ امریکا کو پڑوسی ممالک کی فضائی حدود یا سرزمین ایران پر حملے کے لیے استعمال نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کی جاتی ہے تو اس کا ہدف خود ہمسایہ ممالک نہیں بلکہ ان ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈے، امریکی مفادات اور اثاثے ہوں گے۔

فوجی صلاحیتوں کے تقابل پر گفتگو کرتے ہوئے عباس اصلانی نے کہا کہ ایران کو غیر متناسب یا اسیمیٹرک طریقہ کار اپنانا پڑتا ہے، جس کے تحت اہداف کے دائرہ کار کو وسیع کیا جاتا ہے۔ ان کے بقول اس حکمت عملی سے خطے میں امریکی دفاعی نظام کی مؤثریت کو کمزور کیا جا سکتا ہے، جس سے امریکی اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنانا زیادہ مؤثر ہو سکتا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران کی کارروائیوں کا مقصد پڑوسی ممالک کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ ان کی سرزمین پر موجود امریکی اثاثوں کو نشانہ بنانا ہوگا۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جنگ طویل ہوتی ہے تو اس کا دائرہ مزید وسیع ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ عرب ٹی وی الجزیرہ کا مرکزی دفتر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہے۔

بریکنگ | Monday, 2 March 2026 – 13:30 #
راس تنورہ میں سعودی آئل ریفائنری پر ڈرون حملہ، تنصیب بند کردی گئی

سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی سعودی آرامکو کی راس تنورہ ریفائنری پر ایران نے ڈرون حملہ کیا ہے جس کے بعد اسے عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ حملے کے بعد ریفائنری پر پاکستان کیلئے جہاز میں تیل بھرا جا رہا تھا۔ حملے کے نتیجے میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پیر کی صبح سویرے ایرانی ڈرون نے سعودی آرامکو کی راس تنورہ آئل ریفائننگ تنصیب کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مقام پر محدود نوعیت کی آگ بھڑک اٹھی۔ بعد ازاں فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پا لیا اور اسے ایک الگ تھلگ واقعہ قرار دیا گیا۔

صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی نے احتیاطی اقدام کے طور پر Ras Tanura Refinery کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔ یہ کمپلیکس خلیج کے ساحل پر واقع ہے اور مشرقِ وسطیٰ کی بڑی آئل ریفائنریوں میں شمار ہوتا ہے، جس کی یومیہ پیداواری صلاحیت تقریباً پانچ لاکھ پچاس ہزار بیرل ہے۔ یہ تنصیب سعودی خام تیل کی برآمد کے لیے ایک اہم ٹرمینل بھی سمجھی جاتی ہے۔

حکام کے مطابق صورتحال قابو میں ہے تاہم کمپنی کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

یہ حملہ خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں کیا گیا، جہاں ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے ردعمل میں خلیجی ممالک میں مختلف اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ حالیہ حملوں کے باعث متحدہ عرب امارات اور عمان کے بڑے شپنگ مراکز متاثر ہوئے جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمتوں میں پیر کے روز تقریباً دس فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کی توانائی تنصیبات ماضی میں بھی نشانہ بنتی رہی ہیں، خصوصاً ستمبر 2019 میں ابقیق اور خریص تنصیبات پر ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد مملکت کی نصف سے زائد خام تیل پیداوار عارضی طور پر معطل ہو گئی تھی جس سے عالمی منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ پیدا ہوا تھا۔

بریکنگ | Monday, 2 March 2026 – 12:54 #
کویت میں متعدد امریکی لڑاکا طیارے گر گئے، وزارت دفاع

کویت کی وزارت دفاع نے کہا ہے ملک میں متعدد امریکی لڑاکا طیارے گرے ہیں تاہم ان کے پائلٹ محفوظ رہے ہیں۔

کویتی وزارت دفاع کے اس اعلان سے کچھ دیر قبل ایک امریکی ایف 15 طیارہ گرنے کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔ تاہم پائلٹ محفوظ تھا جسے زخمی حالت میں ایک نجی گاڑی کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

Monday, 2 March 2026 – 12:47 #
اسلام آباد میں غیرملکی سفارتخانوں کی سروسز معطل

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد کے ریڈ زون کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد میں امریکی اور قطری سفارت خانوں سمیت ملک بھر میں امریکی قونصل خانوں کی خدمات عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔ یہ اقدام موجودہ سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے اور کراچی، لاہور اور پشاور میں امریکی قونصل خانوں میں ویزا اپائنٹمنٹس اور امریکی شہریوں کے لیے پاسپورٹ سمیت تمام معمول کی خدمات فی الحال روک دی گئی ہیں۔

یہ پابندی 2 مارچ 2026 تک نافذ العمل رہے گی، جبکہ نئے شیڈول سے متعلق آگاہی بعد میں فراہم کی جائے گی۔

حکام کے مطابق خدمات کی معطلی کا مقصد سفارتی عملے اور آنے والے افراد کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، کیونکہ ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کی شہادت کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں امریکی سرکاری دفاتر کے باہر احتجاج اور جھڑپوں کے واقعات پیش آئے، جن میں متعدد افراد ہلاک بھی ہوئے۔

البتہ ہنگامی نوعیت کے معاملات میں نہایت محدود پیمانے پر ضروری خدمات فراہم کی جا سکتی ہیں۔

Monday, 2 March 2026 – 12:02 #
امریکی طیارہ گرنے اور پائلٹ کو بچانے کی ویڈیوز
Monday, 2 March 2026 – 11:55 #
کویت میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھویں کے بادل

غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے برطانوی نشریاتی ادارے نے خبر دی ہے کہ کویت میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھویں کے بادل اُٹھتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔ اس مقام پر فائر فائٹرز اور ایمبولینسز بھی روانہ کی جا چکی ہیں۔
امریکی سفارتخانے نے اپنی ویب سائٹ پر لوگوں کو یہ ہدایت جاری کی ہے کہ ’سفارتخانے کی طرف نہ آئیں۔اپنی رہائش گاہ پر سب سے نچلی منزل پر پناہ لیں اور کھڑکیوں سے دور رہیں۔ باہر مت نکلیں۔امریکہ نے کویت میں اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ’پناہ گاہوں میں جائیں، حملے کی صورت میں سکیورٹی پلان پر نظر ثانی کریں۔

Monday, 2 March 2026 – 10:51 #
کویت میں امریکی طیارہ ایف 15 گر کر تباہ ہوگیا

روسی میڈیا نے اطلا ع دی ہے کہ کویت میں امریکی طیارہ ایف 15 گر کر تباہ ہوگیا جبکہ پائلٹ بھی زخمی ہوا ہے۔جسے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
امریکی اور اسرائیلی حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ تاہم ویڈیو میں طیارے سے زخمی پائلٹ کو نکلتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

بریکنگ | Monday, 2 March 2026 – 10:04 #
پاکستان اسٹاک مارکیٹ کریش کر گئی۔ٹریڈنگ معطل

اسرائیل امریکہ کےایران پر حملے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ کریش کر گئی، انڈیکس 15 ہزار پوائنٹس گر گیا، جس کے بعد ٹریڈنگ معطل کردی گئی۔
پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی مارکیٹ شدید مندی کا شکار ہوئی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں شدید کمی دیکھی گئی۔

مارکیٹ کھلتے ہی فروخت کا شدید دباؤ دیکھا گیا اور انڈیکس ہنڈرڈ اینڈیکس 15344پوائنٹس منفی کھلی۔
انڈیکس میں 9 فیصد سے زائد کی کمی اور ‘مارکیٹ ہالٹ کی سطح عبور ہونے کے باعث پی ایس ایکس انتظامیہ نے فوری طور پر ٹریڈنگ روک دی۔

اسرائیل اور امریکہ کے ایران پر حملوں کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے اور ممکنہ علاقائی جنگ کے خدشات نے مقامی سرمایہ کاروں کو ‘پینک سیلنگ پر مجبور کر دیا۔
ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورتحال اور امریکہ، اسرائیل ایران جنگ میں لمحہ بہ لمحہ بدلتے ہوئے حالات نے بھی مارکیٹ کو متاثر کیا ہے

Monday, 2 March 2026 – 09:47 #
پاکستان اسٹاک ایکسچنیج میں کا روبار ی ہفتے کے پہلے روز منفی آغاز

کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منفی آغاز ہوا ہے۔
ہنڈرڈ اینڈیکس 15344پوائنٹس منفی کھلی۔اب انڈیکس 152717میں ٹرینڈ ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورتحال اور امریکہ، اسرائیل ایران جنگ میں لمحہ بہ لمحہ بدلتے ہوئے حالات نے بھی مارکیٹ کو متاثر کیا ہے

Monday, 2 March 2026 – 09:25 #
کراچی میں ایم ٹی خان روڈ کا پل کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا
فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

پی آئی ڈی سی چوک سے بند کیا گیا ہے،ایم ٹی خان روڈ سلطان آباد پر بھی کنٹینر لگا دیئے گئے۔شارع فیصل، ایف ٹی سی سے جناح اسپتال موڑ تک جانے والا ٹریک بھی ٹریفک کیلئے بند ہے۔کراچی میں امریکی قونصلیٹ جانے والے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جھڑپوں میں کراچی میں دس افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے

Monday, 2 March 2026 – 09:01 #
بحرین میں امریکی اڈے پر 560 فوجیوں کی ہلاکت کا ایرانی دعوی

ایران اور امریکہ کے درمیان جاری حالیہ شدید فوجی کشیدگی کے دوران ایرانی پاسداران انقلاب نے بحرین میں واقع امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے ہیڈ کوارٹر کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا اور دعوی کیا ہے کہ یہاں 560 امریکی فوجی مارے گئے ہیں۔

پاسداران انقلاب کے اس دعوے کو روسی ذرائع ابلاغ نے بھی دہرایا ہے۔

روسی خبر رساں اداروں Sputnik اور TASS)اور ایرانی میڈیا فارس نیوز اور نے پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ بحرین، کویت اور قطر میں امریکی اڈوں پر کیے گئے ان حملوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
ایرانی حکام کا دعویٰ ہے کہ خطے میں امریکی تنصیبات پر ہونے والے حملوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 560 امریکی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔

روسی دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بحرین میں امریکی بحریہ کے سروس سینٹر اور “نایو سینٹ” (NAVCENT) کی عمارت کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد وہاں سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔

دوسری جانب، امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے ان اعداد و شمار کو مسترد کر دیا ہے۔ امریکہ نے اب تک باضابطہ طور پر 3 امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور 5 کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ ہلاکتیں کویت میں تعینات لاجسٹک یونٹ پر حملے کے نتیجے میں ہوئیں۔

بحرینی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ منامہ میں امریکی بحری اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم وہاں سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ بحرین میں ہونے والے حملے سے انفراسٹرکچر کو معمولی نقصان پہنچا ہے لیکن آپریشنز متاثر نہیں ہوئے۔

Monday, 2 March 2026 – 08:54 #
ایران کی قیادت کے لیے تین امیدوار ہیں۔ ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کارروائیاں ضرورت پڑنے پر ’چار سے پانچ ہفتوں تک‘ جاری رہ سکتی ہیں اور یہ کہ ان کی نظر میں ایران کی قیادت کے لیے ’تین اچھے امیدوار‘ موجود ہیں۔
امریکی اخبار کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے وینزویلا کی مثال دی جہاں سابق صدر نکولس مادورو کو پکڑنے کے بعد امریکہ لایا گیا تھا۔ یعنی وینزویلا میں صدر کو ہٹائے جانے کے باوجود حکومت تبدیل نہیں کی گئی اور شاید ایران میں بھی ایسا ہی کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ ’یہ مشکل نہیں ہو گا۔ ہمارے پاس ہتھیاروں کی بڑی تعداد ہیں۔ ہمارے ہتھیار دنیا بھر میں مختلف ملکوں میں ذخیرہ کیے گئے ہیں۔‘

Monday, 2 March 2026 – 07:50 #
ایرانیوں کو غلام بنانے کا خواب دفن ہوگا۔ آرمی چیف

ایرانی آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایرانی قوم کو غلام بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا بلکہ قبروں میں دفن ہو جائے گا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران کے بیٹے دفاعِ وطن سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیا جاتا رہے گا۔
جنرل امیر حاتمی کے مطابق پہلے سے تیار اور مشق شدہ منصوبے کے تحت حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے جبکہ ڈرون، فضائی دفاع اور بحریہ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔

Monday, 2 March 2026 – 07:49 #
حزب اللہ کے اعلان کے بعد اسرائیل کے لبنان پر حملے، بیروت میں سینیئر رہنماؤں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے پیر کی صبح لبنان پر بھی حملے شروع کردیئے۔۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے دارالحکومت بیروت کے علاقے میں حسب اللہ کے سینیئر رہنماؤں کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ جنوبی لبنان میں تنظیم کے ایک اور “مرکزی” عہدیدار پر بھی حملہ کیا گیا۔

اسرائیلی فضائی حملے جنوبی لبنان کے قصبوں حارث، نبطیہ الفوقا اور مفدون میں بھی کیے گئے۔ عینی شاہدین نے متعدد دھماکوں اور دھوئیں کے بادل اٹھنے کی اطلاع دی ہے۔

یہ پیش رفت اتوار کو اس اعلان کے بعد سامنے آئی جب حزب اللہ نے اسرائیل کے خلاف حملے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بیروت میں قائم سیکیورٹی تجزیہ کار علی رزق کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ کے دوران اسرائیلی بمباری کے باوجود حزب اللہ اب بھی “خاصا مضبوط اسلحہ خانہ” رکھتی ہے۔ انہوں نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے بعض عہدیدار ایران پر حملوں کے بعد یہ توقع کر رہے تھے کہ اسرائیل اگلا ہدف حزب اللہ کی قیادت کو بنا سکتا ہے۔

رزق کے بقول، “حزب اللہ سمجھتی ہے کہ اب اس کی باری ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ یہ گروپ ممکنہ طور پر یہ بھی جانچ رہا ہے کہ آیا اسرائیل جنگ کے ایک نئے محاذ کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے یا نہیں۔

بریکنگ | Monday, 2 March 2026 – 07:17 #
ایران کے خلاف بحرین، اردن، کویت، قطر، سعودی عرب اور یو اے ای کا مشترکہ اعلامیہ

بحرین، اردن، کویت، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے ایران کے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کے خلاف مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ان کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے اور انہیں خطے کے امن کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔

بحرین، اردن، کویت، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں ایران کے ’اندھا دھند اور غیر ذمہ دارانہ میزائل اور ڈرون حملوں‘ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ ’بلا جواز حملے‘ خود مختار ریاستوں کی سرزمین کو نشانہ بنا رہے ہیں، شہری آبادی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور اہم شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ بیان کے مطابق تہران کے اقدامات خطے میں کشیدگی میں خطرناک اضافہ کر رہے ہیں اور علاقائی استحکام کو براہِ راست متاثر کر رہے ہیں۔

چھ ممالک نے کہا کہ وہ اپنے شہریوں کے دفاع کے لیے متحد ہیں اور کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔ اعلامیے میں اس بات کا بھی دوٹوک اعادہ کیا گیا کہ تمام ممالک اپنے حقِ دفاع کو برقرار رکھتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر اس حق کو استعمال کریں گے۔

Monday, 2 March 2026 – 07:09 #
تہران میں پیر کی علی الصبح دھماکوں اور دھواں اٹھنے کی ویڈیو
Monday, 2 March 2026 – 06:53 #
فرانس، جرمنی اور برطانیہ بھی ایران کے خلاف کھڑے ہوگئے

فرانس، جرمنی اور برطانیہ نے ایران کے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ خلیج فارس میں اپنے اور اپنے اتحادیوں کے مفادات کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

فرانس، جرمنی اور برطانیہ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ خطے کے ممالک کے خلاف ایران کے ’اندھا دھند اور غیر متناسب‘ میزائل حملوں نے انہیں شدید تشویش میں مبتلا کیا ہے۔ بیان کے مطابق ایرانی حملوں سے وہ ممالک بھی متاثر ہوئے جو ابتدائی امریکی اور اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں شامل نہیں تھے۔

تینوں یورپی ممالک نے کہا کہ وہ خطے میں اپنے اور اپنے اتحادیوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے کام کریں گے اور ایران کی میزائل اور ڈرون لانچنگ صلاحیتوں کو ختم کرنے کے لیے ’ضروری اور متناسب دفاعی اقدامات‘ کیے جائیں گے۔

ادھر برطانوی وزیرِ اعظم کیئر سٹارمر نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ دفاعی مقاصد کے لیے برطانوی فوجی اڈوں کو استعمال کر سکتا ہے۔ اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ نے دفاعی کارروائی کے لیے برطانوی اڈوں کے استعمال کی درخواست کی تھی، جسے قبول کر لیا گیا ہے۔

کیئر سٹارمر کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایران کو خطے میں میزائل فائر کرنے سے روکنا ہے، جو بے گناہ شہریوں کی جان لے سکتے ہیں، برطانوی شہریوں کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں اور ایسے ممالک کو نشانہ بنا سکتے ہیں جو اس تنازع میں شامل نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ برطانیہ ابتدائی حملوں میں شریک نہیں تھا اور اب بھی کسی جارحانہ کارروائی کا حصہ نہیں بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عراق کی جنگ سے سبق سیکھا جا چکا ہے اور برطانیہ کسی غیر ضروری فوجی مہم جوئی میں شامل نہیں ہوگا۔

 

Monday, 2 March 2026 – 06:45 #
گلگت میں کرفیو نافذ، لاہور میں کنٹینرز، اسلام آباد میں زندگی معمول پر آگئی

ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد پاکستان میں اتوار کو پرتشدد مظاہرے ہوئے جس کے بعد گلگت بلتستان میں محکمہ داخلہ نے تین روزہ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ’ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کے باعث گلگت بلتستان میں صورتحال کشیدہ ہے اور خدشہ ہے کہ خصوصاً گلگت اور سکردومیں حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔‘

لاہور میں اتوار کو احتجاجی مظاہرہ ختم ہوگیا تاہم ایک بار ہھر ممکنہ احتجاج کے پیش نظر امریکی قونصل خانے کے قریب کنٹینرز لگادیے گئے۔ امت کے نمایندے نواز طاہر کے مطابق اہل تشیع تنظیموں کی طرف سے تاحال کوئی کال نہیں لیکن حکام کا کہنا ہے کہ کل ممکنہ طور پر ایرانی قیادت کے غائبانہ نماز جنازے کی صورتحال بن سکتی ہے۔

اسلام آباد میں اتوار کو مظاہرین نے امریکی سفارتخانے کی طرف جانے کی کوشش کی تاہم بعد میں زندگی معمول پر آگئی۔

Monday, 2 March 2026 – 06:42 #
تہران پر آج صبح نئے اسرائیلی حملوں میں خوف وہراس

لوگ بڑی تعداد میں گھروں سےباہر نکل آئے اور اللہ اکبر اللہ اکبر کے نعرے لگاتے رہے،اسرائیل کے میزائل حملوں میں تہران میں اسپتال کو بھی نشانہ بنایا، اسپتال کے انکیوبیٹر میں کمسن بچوں کو نکالنے کی کوشش کی گئی۔عرب میڈیا کے مطابق رہائشی عمارتوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا۔

Monday, 2 March 2026 – 06:37 #
خلیجی ممالک ایران میں اپنے سفارتخانے بند کرنے لگے

خلیجی ممالک نے ایران کے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد تہران میں اپنے سفارتی مشنز بند کرنے پر غور شروع کر دیا ہے، جب کہ بعض ممالک نے باقاعدہ اقدامات کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے تہران میں اپنا سفارتخانہ بند کرنے اور سفیر سمیت تمام سفارتی عملے کو واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل حملوں کے ردعمل میں کیا گیا۔

اماراتی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران نے رہائشی علاقوں، ہوائی اڈوں اور دیگر شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ حکام کے مطابق گزشتہ روز سے اب تک ایرانی حملوں میں ملک میں کم از کم تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب بحرین کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ بحرین میں قائم امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے اڈے کو ایک ایرانی ڈرون نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔ حملہ برطانوی بحریہ کی تنصیب کے قریب ہوا، جو امریکی تنصیبات سے متصل علاقے میں واقع ہے، تاہم پیشگی انخلا کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بحرینی حکام کے مطابق ایرانی حملوں میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں ایک چینی، دو مصری اور ایک بحرینی شہری شامل ہے۔ ریاستی میڈیا نے بتایا کہ دارالحکومت منامہ کے مختلف علاقوں میں محدود ملبہ گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔

ادھر دوحہ میں اتوار کی صبح زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور شہر کے مختلف حصوں سے دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ حکام نے فوری طور پر نقصانات کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔

ایران کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جوابی حملوں کے دوسرے روز متحدہ عرب امارات میں دبئی کی جبل علی بندرگاہ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ بندرگاہ کے اطراف دھواں اٹھتا دیکھا گیا، جب کہ حکام نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ آن لائن اجلاس میں اس امکان پر غور کر رہے ہیں کہ آیا وہ بھی امارات کی طرز پر تہران میں اپنے سفارتخانے عارضی طور پر بند کریں۔ خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال کے باعث مزید فیصلوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔