امارات کا مالیاتی دارالحکومت دبئی ایرانی میزائلوں کا ہدف کیوں بنا؟

مکینوں نے دن بھر کئی زوردار دھماکے سنے۔رہائشی علاقوں میں ڈرون بھی پروازکرتے رہے

               
March 1, 2026 · امت خاص

 

عرب امارات کا مالیاتی دارالحکومت اورعالمی تجارتی مرکز دبئی ایرانی میزائلوں کا ہدف بن گیا۔ایران کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل کے بڑے پیمانے پر حملوں کے جواب میں خطے بھر میں جوابی کارروائی کے دوران دبئی کا ایک لگژری ہوٹل بھی زد میں آیا۔

 

تصدیق شدہ ویڈیو میں فیئرمونٹ دی پام ہوٹل میں شدید آگ لگی ہوئی دکھائی دے رہی تھی، آسمان کی طرف گہرا سیاہ دھواں اٹھ رہا تھا۔ دبئی حکام کا کہنا تھا کہ پام جمیرا کے علاقے میں ایک عمارت میں آگ لگنے سے چار افراد زخمی ہوئے، تاہم آگ پر قابو پا لیا گیا ۔

 

دبئی ہوٹل کے سامنے والی عمارت سے بنائی گئی ایک اور تصدیق شدہ ویڈیو میں میزائل لگنے کا لمحہ اور اس کے بعد ہونے والا دھماکہ دیکھا جا سکتا ہے، جس میں آگ کا ایک بڑا گولہ بلند ہوتا ہے اور ویڈیو بنانے والا شخص زمین پر گرتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔

 

دبئی، جو خلیج کا ابھرتا ہوا مالیاتی مرکز ہے، کے مکینوں نے دن بھر کئی زوردار دھماکے سنے۔ پام جمیرا، جو سیاحوں کی پسندیدہ جگہ ہے، وہاں واقع ایک مہنگے ہوٹل کو میزائل کے ٹکڑے لگے جو کہ یا تو ناکارہ بنا دیا گیا تھا یا اپنے راستے سے بھٹک گیا تھا۔

 

دبئی کے رہائشی علاقوں میں ڈرون بھی پروازکرتے رہے۔

 

ایرانی میڈیا نے دبئی پر حملے کرنے کا اعلان کیا ، تاہم یہ واضح نہیں تھا کہ ان کے اہداف کیا ہیں۔

 

دبئی میں طویل عرصے سے مقیم غیرملکی بھی گذشتہ روز کے مناظر کو تسلیم نہیں کرپائے،: پرتعیش پام جمیرا آگ کی لپیٹ میںتھا اور اطلاعات آئیں کہ ڈرون حملے شیخ زید روڈ، جو شہر کی مرکزی شاہراہ ہے، کے قریب ہوئے۔

 

دبئی نے طویل عرصے سے خود کو ایک ایسے محفوظ جزیرے کے طور پر پیش کیا ہے جہاں لوگ اور ان کا سرمایہ خطے کی مشکلات سے دور رہ سکیں۔ابوظہبی کے مقابلے میں دبئی خود کو خلیج ہی نہیں بلکہ پورے مشرقِ وسطی کا سب سے بڑا سیاحتی مقام اور ایک اہم سفری مرکز سمجھتا ہے۔

 

بلومبرگ انٹیلی جنس کے دفاعی تجزیہ کار ایرک زو کے مطابق، مشرق وسطی میں ایرانی میزائل حملوں کے بعد فضائی دفاعی نظام (M-SAM) کی طلب میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ یہ سسٹم متحدہ عرب امارات میں پہلے ہی فعال ہے، سعودی عرب اور عراق نے بھی اس کے آرڈر دے رکھے ہیں۔