کراچی میں امریکی قونصلیٹ کے قریب مظاہرین۔پولیس میں جھڑپیں، شیلنگ
مشتعل مظاہرین کی بڑی تعداد امریکی قونصلیٹ کے اطراف جمع ہوگئی
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد کراچی اور لاہور میں مظاہرین نے امریکی قونصلیٹوں کے باہر احتجاج کیا، اس دوران کراچی میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں اور شیلنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں مشتعل مظاہرین کی بڑی تعداد امریکی قونصلیٹ کے اطراف جمع ہوگئی جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی جبکہ بعض مقامات پر جھڑپوں کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے جبکہ قونصلیٹ کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
کراچی میں متعدد مظاہرین کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینر اٹھا رکھے تھے اور امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔
دوسری جانب لاہور میں پریس کلب کے قریب مظاہرین کی بڑی تعداد جمع ہو رہی ہے اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی اور دیگر لیڈر شپ کی شہادت پر غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کیا جائے گا۔