بیرسٹر گوہر کا ایرانی قیادت کی شہادت پر اظہارِ افسوس

کسی بھی ملک میں سیاسی تبدیلی یا رجیم چینج کے نام پر کسی قومی رہنما کو نشانہ بنانا سنگین جرم اور ریاستی دہشت گردی کے مترادف ہے

               
March 1, 2026 · قومی

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کی اطلاعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ خبر سن کر انہیں شدید صدمہ پہنچا اور یہ دن پوری مسلم دنیا کے لیے غم کا باعث ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک میں سیاسی تبدیلی یا رجیم چینج کے نام پر کسی قومی رہنما کو نشانہ بنانا سنگین جرم اور ریاستی دہشت گردی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کسی ملک کے لیے خطرہ نہیں تھا اور اپنے دفاع کا حق ہر خودمختار ریاست کو حاصل ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے ایران پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایرانی عوام کے دکھ اور سوگ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہماری دعائیں ایرانی قوم کے ساتھ ہیں۔

دوسری جانب ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای حالیہ حملوں میں جاں بحق ہوئے، جس کے بعد ایران میں سات روزہ تعطیل اور چالیس روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔