اسلام آباد میں بھی احتجاج، جھڑپوں میں ایک شخص جاں بحق ، اہلکاروں سمیت متعدد زخمی

بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ، شہر کے دیگر ہسپتالوں میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

               
March 1, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی مبینہ خبروں کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی ہے۔ شہر کے حساس علاقوں خصوصاً ڈیپلومیٹک انکلیو کے گرد و نواح میں شدید احتجاج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ جھڑپوں کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

واقعات کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ ڈیپلومیٹک انکلیو کے اطراف ہزاروں مظاہرین جمع ہوئے، جنہیں منتشر کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا۔ پورے علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اہم شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بلاک کر دیا گیا ہے۔

پمز ہسپتال ذرائع کے مطابق اب تک 9 زخمیوں کو پمز (PIMS) منتقل کیا جا چکا ہے۔ ہسپتال لائے گئے زخمیوں کی تفصیل درج ذیل ہے:

زخمیوں میں شامل علی رضا ولد محمد حسن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔اسلام آباد پولیس کے 3 اہلکار ڈیوٹی کے دوران زخمی ہوئے۔

پاکستان رینجرز کے 2 جوان بھی زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیے گئے۔2 عام شہری بھی زیر علاج ہیں۔

 زخمی ہونے والے میں مرتضی، ⁠قتیل احمد ولد واجد علی، ⁠نواز علی ولد میرادریس، ⁠میراں بی بی ولد محمدحنیف. ⁠مظہر حسین ولد محمد ظفر. ⁠محمد یاسر ولد محمد مشتاق. ⁠وقار علی ولد غلام فرید، ⁠دانش علی⁠ اور سید فہد شاہ ولد نذیر شاہ شامل ہیں۔

پمز ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ شہر کے دیگر ہسپتالوں میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان برقرار رکھیں اور حساس علاقوں کی طرف جانے سے گریز کریں۔